Aug 21, 2010
بشر عظیم کا ہاتھ اپنے ہی گریباں گیا
علامہ اقبال کے اس شعر کو ہمیشہ پلو سے باندھ کے رکھا کہ زرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی ۔ ایک نہ ایک دن ہمیں ضرور احساس ہو گا ۔ بحیثیت قوم ہمارے اندر جو خامیاں رہ گئی ہیں ۔ ضرور جلد یا بدیر ان پر قابو پا لیا جائے گا ۔ لیکن سیالکوٹ میں دو مقتول نوجوانوں پر تشدد کے دن دیہاڈے سینکڑوں کے ہجوم کے سامنے پیش آنے والے واقعہ نے انسانی تاریخ میں رونما ہونے والی وحشت و بربریت کی داستانوں کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ ہسٹری چینل پر صدیاں پرانے مخالفین پر ڈھائے جانے والے مظالم کے لئے جو طریقے اختیار کئے جاتے تھے ۔ میرے اوسان خطا کرنے کے لئے کافی تھے ۔ ظلم و بربریت کی جو داستان قومی اور انتظامی سطح پر تماشا دیکھنے سے رقم کی گئی ہے ۔ شائد اگلی صدی میں انہیں بھلانا ممکن نہیں ہو گا ۔ آخر ایسی بھی کیا جرم کی انتہا ہو گئی کہ دیکھنے والے صرف تماشائی ہونے تک اپنا حق ادا کرتے رہے ۔سانس لیتی زندگی سے لیکر موت سے ہمکنار مردہ جسم مسلسل بربریت کی انتہا تک جا پہنچے ۔
کئی دہائیوں سے مردہ باد مردہ باد کے نعرے لگانے والی قوم آج خود کو مردہ قوم کی شرمساری کی آغوش میں پناہ لینے لگی ۔ ظلم کرنے والے ہمیشہ سے بچوں و خواتین کو تنہائی میں اپنی درندگی کا شکار کرتے رہے ہیں ۔ایسے ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اجتماعی سطح پر قومی ذمہ داری کو ادا کیا جاتا رہاہے ۔ مگر یہ واقعہ کسی بند کمرے یا اندھیری رات کی سرگوشی نہیں ہے ۔دن دیہاڈے اجتماعی منظر کشی کا نمونہ خاص ہے ۔ جو ہمارے لئے سوالوں کے انبار چھوڑ گیا ہے ۔ کیوں ہمارا معاشرہ بےحسی کی تصویر بنتا جا رہا ہے ۔ اور ادارے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔ آج لکھنے کی طاقت نہیں ۔ لفظ شرمندہ ہیں ۔ ہاتھوں میں ڈنڈے لئے مارنے والوں کو دیکھتے خون کھول رہا ہے ۔ زمین پر بے بسی سے لیٹے خون میں لت پت ایک لمحے کو بھی زخم سہلانے کی مہلت نہیں پا رہے تھے ۔
دنیا کے کسی بھی مہذب ملک میں بھرے مجمع میں ایسی خوفناک بربریت کا شائد یہ پہلا واقعہ ہو ۔جہاں قانون کے محافظ خود قانون کی دھجیاں اڑانے والوں کو تحفظ دے رہے ہیں ۔اور بین الاقوامی سطح پرانصاف کی دہائی دینے والی قوم کے سینکڑوں افراد خود ہی انسانیت کی تذلیل کے عینی شاہد ہوں ۔
برسوں پہلے کے ایک واقعہ نے میرے اندر طلاطم پیدا کر دیا ۔ جسے میں اپنے ایک طنز ومزاح کے مضمون تھوڑی سی لفت کرا دے میں بیان کر چکا ہوں ۔ تئیس سال پہلے گورنمنٹ کالج لاہورمیں ایم اے میں داخلہ لینے کے چند روز بعد ہمارے ڈیپارٹمنٹ کے سامنے آٹھ دس لڑکے دو مخالف پارٹی کے لڑکوں کوگھونسوں اور لاتوں سے پیٹ رہے تھے ۔ اور بیسیوں لڑکے خاموش تماشائی بنے خون آلود چہروں پر نظریں جمائے وہیں کھڑے تھے ۔ مجھ سےیہ منظر دیکھ کر رہا نہ گیا اور بیچ میں کود پڑا ۔ دونوں لڑکوں کو بحفاظت نکال کر لے گیا ۔ کہنے والے کہتے رہے کہ پرائی آگ میں کیوں کودے ۔خطرناک گروپ ہے اب اس کا خمیازہ تمہیں بھگتنا پڑے گا ۔ لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا ۔
سیالکوٹ کے واقعہ نے یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آج ہم اس مقام پر کھڑے ہیں کہ دل سے برا جاننے سے ہی اپنی فرض منصبی کو ادا کر رہے ہیں ۔ روکنے والےسینکڑوں ہاتھ ظلم کرنے والے چند ہاتھوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں ۔اور حکومت صرف نمائشی واقعات میں پانچ پانچ لاکھ کے چیک دینے سے غریبوں کی عزت بحال کرنے کی ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کو ترجیح دیتی ہے ۔
آج مجھے اپنے یہ اشعار شدت سے یاد آ رہے ہیں ۔
دغاء انسان سے اُٹھ میرا وفاءایماں گیا
ظاہر سیرت فرشتہ اندر دیکھا ہو حیراں گیا
نام خدا سے ہے جنکو ملتا مقامِ عزت جہاں
قلبِ سیاہ سے جلتا دیا خود اپنے پہ قرباں گیا
نام سے شہرت نہیں تو در سے گھر نہیں
جو خود کو نہیں بھولا دور اس سے لا مکاں گیا
ایک جسم و جاں میں رکھتے دو الگ فریب روپ ہیں
سوکھے پھول ہیں سب نام رکھا گلستاں گیا
خوش قسمت ہیں گل و گلزار عداوت خار رکھتے ہیں
ہر بشر عظیم کا ہاتھ اپنے ہی گریباں گیا
میرا فرش ملک ادنیٰ تیرا عرش فلک عظیم
حاکمیتِ فرعون نہ رہی مگر چھوڑ نفرت نشاں گیا
اسلاف اسلام تو ہے مجھے سفینہ محبت مقام مصطفےؑ
زمام رفعت مقام میں کھوتا بھٹکا انساں گیا
موضوعات
پاکستان، بربریت,
زندگی,
سفینہء محمود,
معاشرہ,
نثری مضامین
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
6 تبصرے:
جناب سوچ کے دروازے بندے کیا ہونے۔
کل وڈیو دیکھی اور
کل سے دماغ ماوف ھے۔رات کو بھی عجیب حالت تھی ۔نہ جانے سو رہاتھا کہ جاگ رہا تھا۔
قا نون انصاف عدالت صداقت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
معا شرہ جانور وحشی عجیب الٹے سیدھے الفاظ دماغ میں گردش کر رھے ہیں۔
شعر بہت اچھے ہیں۔
میں تو ویڈیو دیکھ ہی نہیں سکا۔۔۔ ٹی وہ کی فوٹیج اور خبر کے انکشاف نے ہی کام کر دیا تھا۔۔
یہ تو ہمارے منہ پہ تھپڑ مار کر چہرہ دکھایا گیا ہے تو یہ حال ہو رہا ہے۔۔۔ ورنہ اس سے پہلے چپ چُپیتے ظلم دیکھ دیکھ کر بھی اگلی ہیڈ لائن کی طرف متوجہ ہو جاتے تھے۔۔۔۔۔ بے حسی اب اندر تک سرایت کر گئی ہے۔
جناب محمود صاحب
کیا کہیں اس واقعے پر، انسان ذلالت کے آخری درجے پر پہنچ چکے ہیں ، جاہلین ایسے دائرہ باندھے کھڑے ہیں جیسے بندر کا تماشا ہو رہا ہے۔ دل میں شدید تکلیف ہے ، لگ رہا ہے جیسے میرے بھائی مار دیے۔ لعنت ہے ایسی عوام پر۔ یہ تو اس سے بھِی بڑے عذاب کے مستحق ہیں۔ جتنا حالیہ سیلاب آیا ہے۔
کل رات ہمت کر کے جیو کی ویڈیو دیکھی ساری رات جاگتا رہا سحری کے بعد بھی نیند کوسوں دور تھی . اگر یو ٹیوب پر پہلے والی ویڈیو جو اب نہیں ہے دیکھ لیتا تو دو تین دن نیند نہ آتی . اللہ تعالی ہمارے گناہ معاف کرے . دنیا میں سب سے بڑی قدرتی آفت کا پاکستان میں ہی آنا اب سمجھ میں آ رہا ہے . یہ حکمران اب بھی کچھ سبق لے لیں . عوام انہیں بھی لٹیرے سمجھتے ہیں کل کلاں کو کہیں ................
بحثیت قوم اب ہم میں برداشت ختم ہوچکا ہے. نیز ہم تماشہ بین بھی ہوگئے ہیں. آدھی قوم تماشہ ہے اور آدھی تماشہ بین
اللہ رحم کرے
بحثیت قوم اب ہم میں برداشت ختم ہوچکا ہے. نیز ہم تماشہ بین بھی ہوگئے ہیں.
آدھی قوم تماشہ ہے اور آدھی تماشہ بین
اللہ رحم کرے
Post a Comment